حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ، نیا سروے جاری

May 31, 2024 | 10:06

اپسوس پاکستان کے حالیہ سروے میں حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جن کا خیال ہے کہ پاکستان کے حالات درست سمت میں جارہے ہیں اور معیشت بھی مضبوط ہو رہی ہے۔تازہ سروے میں حکومتی پالیسیوں پراعتماد کرنے والوں کی تعداد 12 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد ہوگئی ہے جبکہ پاکستان کی سمت درست سمجھنے والوں کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سروے میں ملک میں مہنگائی کو بڑا مسئلہ سمجھنے والوں کی تعداد کم ہوکر 34 فیصد رہ گئی ہے جو گزشتہ تین سال کی سب سے کم شرح ہے اور ملک کی موجودہ معاشی حالت کو مضبوط سمجھنے والوں کی تعداد بھی 4 گنا اضافے کے ساتھ 4 فیصد سے بڑھ کر 16 فیصد ہوگئی ہے۔سروے کےمطابق اپنے لیے روزانہ کی گھریلوخریداری آسان سمجھنے والوں کی تعداد بھی چار فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ایسے پاکستانیوں کی تعداد بھی 11 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد ہوگئی ہے جو خود کو سیونگز کیلئے پُراعتماد سمجھتے ہیں۔سروے کے مطابق اپنی ملازمت محفوظ سمجھنے والوں کی تعداد بھی 12 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد ہوگئی ہے جبکہ ملک میں صارفین کے اعتماد کے اشاریے میں 8 مثبت پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر صارفین کے اعتماد کا موجودہ اشاریہ تین سال کا سب سے بہترین آؤٹ لُک ہے۔

مزیدخبریں