صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ نجی سکولوں کو سمر کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہے،پرائیویٹ سکولزوالے بغیر اجازت سمر کیمپ اشتہارات لگانے سے اجتناب کریں، جب تک محکمانہ نوٹیفکیشن اور پالیسی نہ آئے، سمر کیمپ کا اعلان نہ کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ سمر کیمپ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلے سے جلد سب کو آگاہ کیا جائے گا۔
کسی نجی سکول کو سمری کی منظوری تک سمر کیمپ کی اجازت نہیں۔صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک کسی بھی نجی تعلیمی ادارے کو سمر کیمپ لگانے کی اجاز ت نہیں دی گئی ہے ۔نجی سکولز کے نمائندوں سے ہونے والی ملاقات میں ان کو فیصلے سے آگاہ بھی کیا چکا ہے، فی الوقت کسی بھی سکول کو سمر کیمپ کا اختیار نہیں دیا گیا۔ خیا ل رہے کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میںہیٹ ویو میں تیزی اور شدید گرمی کے باعث 25 جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا اور شدید گرمی کے باعث سکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیئے گئے تھے۔محکمہ سکولزایجوکیشن نے موسم گرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاتھا۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری سکولز میں 25 جون سے چھٹیاں ہوں گی اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 14 اگست تک تمام بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 15 اگست سے سکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔قبل ازیں ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک سکولوں کا آغاز 7 بجے ہوگا جبکہ چھٹی ساڑھے 11 بجے ہوگی، جمعہ کے روز چھٹی ساڑھے 10 بجے کی جائیگی۔