”موجودہ حکومت کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کا معاشی قتل فوری بند کرے“

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کا معاشی قتل فوری نہ روکا گیا تو مزید احساس محرومی بڑھے گی۔ جنوبی پنجاب کے کاشتکار پاکستان کی زرعی پیداوار میں 70 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔ وہ پارٹی دفتر میں جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمر سرفرا زچیمہ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے 60 ارب کا نقصان کا خدشہ ہے موجودہ حکومت کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کا معاشی قتل فوری بند کرے پچھلے سال حکومت نے چاول کی قیمت 15 سو روپے فی من مقرر کی تھی موجودہ نااہل حکومت نے چاول کی قیمت 1250 روپے مقرر کی ہے اور کاشتکاروں سے 7 سو روپے فی من مشکل سے مل رہا ہے۔ حکومت نے نان بناسپتی کی قیمت 600 روپے مقرر کی جبکہ کاشتکاروں کو سوا چار سو روپے بھی نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی گڈ گورنس کی کلی کھل کر سامنے آگئی ہے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کا حکومت مسلسل معاشی قتل کر رہی ہے چاول کپاس کی مناسب قیمت کاشتکاروں کو نہیں مل رہی۔ کھاد، بیج، سپرے، بجلی، ڈیزل میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے تو کاشتکار کپاس اور چاول سمیت دیگر فصلیں کاشت نہیں کریںگے۔

ای پیپر دی نیشن