کراچی (ریڈیو نیوز) وفاقی وزیر مملکت برائے پورٹ اینڈ شپنگ نبیل گبول نے کہا ہے کہ این آر او مردہ گھوڑا ہے جس میں جان ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ این آر او پر پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے۔ گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق صدر پرویز مشرف نے ملک بچانے کیلئے شہید بے نظیر بھٹو کو وطن واپس آنے کی دعوت دی اور مقدمات ختم کئے یہ 1971ء والی صورتحال ہے جب جنرل یحییٰ خان نے ذوالفقار علی بھٹو کو بلاکر حکومت دی تھی۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے حکومت کے خاتمہ کے حوالے سے خدشات پر صدر آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف سے ملاقاتیں کیں۔ پارلیمنٹ کی خودمختاری کے حوالے سے نومبر کا مہینہ اہم ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں‘ کچھ سیاسی جماعتیں ملک میں مڈٹرم الیکشن کی باتیں کر رہی ہیں جبکہ کچھ سیاسی جماعتیں خواہشات کیلئے ملک کو غیرمستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ این آر او کے خاتمہ سے صدر زرداری پر کوئی اثر نہیں ہو گا‘ حکومت کو ناکام بنانے کیلئے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ حکومت ناکام ہو گئی۔ نوازشریف سیف الرحمن کی طرف سے بنائے گئے مقدمات پر صدر زرداری سے معافی مانگ چکے ہیں۔