صبح نو کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ : عقیل خان‘ سمیرا افختار‘ سارہ محبوب اور عشنا سہیل سیمی فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد (اے پی پی) عقیل خان‘ سمیر افتخار‘ سارہ محبوب اور عشنا سہیل نے صبح نو کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ میں اپنی اپنی کیٹگریز کے مقابلوں میں سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ میں ہفتہ کے روز کھیلے گئے مینز سنگلز کے کوارٹر فائنلز میں عقیل خان‘ سمیر افتخار‘ یاسر خان اور جلیل خان نے اپنے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ عقیل خان نے شاندار کارکردگی کی بدولت کامران خلیل کو 6-0 اور 6-1 سے ہرایا جبکہ سمیر افتخار نے شہزاد خان کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دیدی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں یاسر خان نے محمد عابد کو اور جلیل خان نے عاصم شفیق کو ہرایا۔ بوائز انڈر 18 کے کوارٹر فائنلز میں احمد چوہدری‘ عثمان رفیق‘ سمیر افتخار اور ہیرا عاشق کامیاب رہے۔ دوسری جانب لیڈیز سنگلز کوارٹر فائنل میں سارہ محبوب‘ سارہ منصور‘ صبا عزیز اور اشنا سہیل نے اپنے میچز میں فتح حاصل کی۔ بوائز انڈر 14 کے کوارٹر فائنلز میں حمزہ مظہر‘ طلال الماس‘ محمد مدثر اور حسنین منظور اپنے اپنے میچز میں کامیاب رہے۔ مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں عرفان اللہ اور ان کے جوڑی دار شہزاد‘ عقیل خان اور ان کے جوڑی دار جلیل خان ‘ وقاص ملک اور ان کے پارٹنر شہزاد خان اور محمد عابد اور ان کے جوڑی دار عثمان رفیق نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

ای پیپر دی نیشن