گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں غربت سے مجبور ٹیلر ما سٹر نے بیوی کے علاج کیلئے لیا قرض ادا کر نے کیلئے 7 ماہ کے بیٹے کو ایک لاکھ 20 ہزار رو پے میں فروخت کر دیا۔ قلعہ میاں سنگھ محلہ قلعہ اسلام کا رہائشی غریب ٹیلر ماسٹر غلام رسول جو کہ7 بچوں کا باپ ہے اس کی بیوی خالدہ دل اور جگر کی بیماری میں مبتلا تھی، غلام رسول نے 1 لاکھ 50 ہزار روپے قرض لیکر بیوی کے علاج پر خرچ کر دئیے۔ قرض خواہوں سے جان چھڑانے کیلئے غلام رسول نے اپنے سات ماہ کے بیٹے فیضان کو بیرون ملک سے آنیوالے جامکے چیمہ کے رہائشی شوکت نامی شخص کے ہاتھ 1 لا کھ 20 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔ ننھے بھا ئی کی فروخت پر فیضان کے بہن بھا ئی آہیں اور سسکیاں بھرتے رہے۔ اطلاع پر ڈی سی او گوجرانوالہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر وسیم عباس انکوائری کیلئے پو لیس کی بھاری نفری کے ہمراہ غلام رسول کے گھر پہنچ گئے۔ ایس پی سٹی گوجرانوالہ کے مطابق بچہ خریدنے والے شخص کو حراست میں لے کر پولیس نے بچے کو تحویل میں لے لیا۔