اسٹیٹ بینک نے مالی سال دو ہزار بارہ کی بیلنس شیٹ جاری کردی ، گزشتہ مالی سال اسٹیٹ بینک کی خالص آمدنی تین سو پانچ ارب چھیتر کروڑ پچیس لاکھ ترپن ہزار روپے رہی۔

اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تیس جون کو ختم ہونے والی مالی سال میں اسٹیٹ بینک کی آمدنی میں انتیس فیصد کا اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کو مالی سال دو ہزار گیارہ میں بعد از ٹیکس خالص آمدنی دو سو چھتیس ارب ستانوے کروڑ روپے ہوئی تھی جب کہ مالی سال دو ہزار بارہ میں یہ بڑھ کر تین سو پانچ ارب چھہتر کروڑ روپے ہوگئی۔ ایک سال کے دوران اسٹیٹ بینک کے اثاثے تین ہزار چھ سو اٹھارہ ارب روپے سے بڑھ کر تین ہزار سات سو پچاسی ارب روپے ہوگئے، مالی سال دو ہزار بارہ کے دوران اسٹیٹ بینک کو غیر ملکی کرنسیوں کے شرح تبادلہ کی مد میں بیالیس ارب بیاسی کروڑ روپے کی نمایاں آمدنی ہوئی دو ہزار گیارہ میں شرح تبادلہ کی مد میں صرف ایک ارب بانوے کروڑ روپے آمدنی ہوسکی تھی۔ اسٹیٹ بینک کو گزشتہ مالی سال پندرہ ارب روپے کی آمدنی ڈیویڈنڈ کی مد میں بھی ہوئی جو مالی سال دو ہزار گیارہ کے مقابلے میں چار ارب روپے زائد ہے۔اسٹیٹ بینک کو گزشتہ مالی سال کے دوران آپریٹنگ آمدنی کی مد میں بھی نو ارب روپے کا منافع ہوا جب کہ دو ہزار گیارہ میں آپریٹنگ آمدنی کی مد میں اسٹیٹ بینک کو گیارہ ارب انسٹھ کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ای پیپر دی نیشن