سرتاج عزیز 11 نومبر کو دہلی جائینگے، ایل او سی فائرنگ کا معاملہ اٹھائیںگے: بھارتی میڈیا

Oct 31, 2013

اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نومبرکے دوسرے ہفتے بھارت کا دورہ کریں گے جہاں انکی بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید سے ملاقات ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سرتاج عزیز 11 نومبر کو دہلی جائیں گے جہاں وہ ایشیا اور یورپ کے وزارتی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان بھارت تناﺅ کے خاتمے اور باہمی تعلقات کے فروغ پربات چیت ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ایل اوسی پر کشیدگی کا معاملہ بھی زیرغور آئیگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام سرتاج عزیز کی آسیم کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ان سے سیزفائر کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ ٹائمز آف انڈیا اور خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق 11 اور اور 12 نومبر کو یہاں نئی دہلی کے مضافاتی علاقے گورگاﺅں میں ہونے والی آسیم کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت کا دورہ کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ ابھی تک کانفرنس کی سائیڈ لائن پر دو طرفہ ملاقات کیلئے نہیں کہا تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ بھارتی حکام ملاقات کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے اور ان کے نئی دہلی میں قیام کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا جائیگا۔ بھارت کی جانب سے اپنے تحفظات پاکستان تک پہنچانے کا سنہری موقع ہوگا۔ واضح رہے آسیم کانفرنس میں پاکستان، روس، چین اور برطانیہ سمیت 48ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں