بیجنگ (آن لائن) چین نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کوششوں میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جبکہ دیگر ممالک کو بھی تعاون کرنا چاہئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوچن ینگ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں، اس سلسلے میں چینی حکومت پاکستان کیساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کے درمیان بھی انسداد دہشت گردی کیلئے تعاون کو مضبوط بنایا جائے۔ دریں اثناءپاکستان اور چین نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافہ کیا جائیگا اور پاک چین دوستی اب پارلیمانی سطح پر بھی مربوط کی جائیگی۔ چین کے پارلیمانی وفد نے دورہ پاکستان کو یادگار اور دور رس نتائج کا حامل قرار دیا۔ وفد نے چیئرمین سینٹ اور ان کے وفد کو بھی چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وفد بدھ کو صبح اپنا دورہ مکمل کرکے واپس چین روانہ ہو گیا۔ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اسلام آباد سینیٹ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید، سینٹ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین طلحہٰ محمود اور سینٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کو الوداع کہا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور چین دو اہم دوست ممالک ہیں ۔انہوں نے پارلیمانی وفد کے اس دورے کو انتہائی مفید قرار دیا اور کہا کہ اس دورے کے اچھے نتائج برآمد ہونگے۔ چین کے پارلیمانی وفد کے رہنماءنے سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر طلحہ ٰ محمود کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ انہیں پاکستان کا دورہ کر کے بڑی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے چین میں جاری اقتصادی اور صنعتی ترقی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر تو تحائف کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ چین کے پارلیمانی وفد نے اپنے اس تین روزہ دورے کے دوران چیئرمین سینٹ سید نئیر حسین بخاری، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ جبکہ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے عشائیہ دیا۔
دہشت گردی کیخلاف کوششوں میں پاکستان کیساتھ ہیں‘ دیگر ممالک بھی تعاون کریں: چین
Oct 31, 2013