چیئرمین نیب نے شریف برادران، زرداری کے کیسز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی

اسلام آباد (نامہ نگار + آئی این پی) چیئرمین نیب چودھری قمر زمان نے شریف برادران اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر اہم شخصیات کے زیر التوا کیسوں کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی۔ بدھ کو چیئرمین نیب چودھری قمرالزمان کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں زیر التوا کرپشن کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے اور تین سال سے زائد عرصہ سے کیسوں کی بند فائلوں کو دوبارہ کھولنے پر غور کیا گیا، چیئرمین نیب نے تین سال یا اس سے زائد عرصہ سے بند فائلوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو سابق صدر آصف علی زرداری اور شریف برادران کے ریفرنسوں سمیت دیگر اہم شخصیات کے کیسوں کا ازسرنو جائزہ لے گی اور ان کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرے گی، اس کے علاوہ چیئرمین نیب نے زیر التوا کیسوں کو جلد نمٹانے کے لئے ایک مشترکہ تفتیشی ٹیم بنائی ہے جو شخصیات کی موجودہ اور سابق حیثیت کی پرواہ کئے بغیر کیسوں کا جائزہ لے گی اور تحقیقات کرے گی۔ چیئرمین نیب نے دونوں کمیٹیوں کے سربراہان اور ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیقات میں کسی کو اثرانداز نہ ہونے دیں، شفافیت کو یقینی بنایا جائے، دوران تفتیش یہ نہ دیکھا جائے کہ کس سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملکی خزانے سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا کہ نیب پسند ناپسند کی پالیسی برداشت نہیں کرے گا، ہر کیس کو میرٹ کی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو تین سال سے زائد عرصہ سے نیب میں زیر التوا کیسز کا جائزہ لینے کا کام تیز کرنے اور مرتب کردہ سفارشات کو ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ راولپنڈی اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں موجود کیسز کی دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف کرپشن کیسز میں شریک ملزم بری ہو چکے ہیں۔ نیب کی تشکیل کردہ ٹیم ان تمام کیسز کی دوبارہ تحقیقات کرے گی، لاہور ہائیکورٹ میں شریف برادران کے مقدمات میں متعلقہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کی عدم موجودگی کی وجہ سے نیب ہیڈ کوارٹر نے مقدمات کی پیروی کا فیلصہ کرتے ہوئے ایک سینئر وکیل کا تقرر کیا ہے تاکہ کارروائی میں تاخیر نہ ہو، نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے کیس میں ایک درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔ درخواست نیب کے آئینی طریقہ کار سے متعلق ہے جس کے مطابق کسی مقدمہ کو کھولنے، بند کرنے، پیروی کرنے کا اختیار نیب چیئرمین کو حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...