اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر زاہد خان کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹرز غفور حیدری، مولا بخش چانڈیو، ہمایوں خان مندوخیل، سیف اللہ مگسی، خالدہ پروین، گل محمد لاٹ اور محمد اکبر مگسی نے شرکت کی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ملک توانائی کے شدید بحران کا شکار ہے موسم سرما کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے پچھلے اجلاس میں این ٹی ڈی سی کو توانائی بحران کے حل اور قومی خزانے کے استعمال کی تفصیلات سے آگاہی کی خاطر سوالنامہ بھجوایا گیا لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ این ٹی ڈی سی نے تحریری جواب بجھوایا ہے کہ این ٹی ڈی سی کی معلومات خفیہ ہیں۔ اس پر کمیٹی کے تمام ممبران نے شدید احتجاج کیا۔ سینیٹر نثار محمد خان نے کہا کہ وزیر مملکت اور سیکرٹری نے بارہا اجلاسوں میں شرکت کی ہے آج کے اہم اجلاس میں بھی شریک ہونا چاہئے تھا۔ قائمہ کمیٹی نے انڈر سیکرٹری پانی و بجلی کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف5 ماہ سے کمیٹی اجلاس میں نہیں آئے لگتا ہے وہ پردہ نشین ہو گئے ہیں، سیکرٹری پانی و بجلی کو آخری موقع دیا جا رہا ہے اگلے اجلاس میں شریک نہ ہوئے تو تنخواہ بند کروا دی جائے گی۔
سینٹ کمیٹی