اسلام آباد (اے پی اے )صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جسے غربت، ناخواندگی ، بیماریوں اور معیشت کے مختلف شعبوں میں کم پیداوارسمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے لہذاٰ ملک کی ترقیاتی ضروریات کثیرالجہتی ہیں، ملک کوسماجی انصاف اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کےلئے تیز تر سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت ہے۔ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کےلئے تیز تر سماجی و اقتصادی ترقی کی اشد ضرورت ہے، سول سروس کے افسران بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق عوامی بہبود کےلئے پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور قانون کے دائرکار میں رہتے ہوئے انتہائی تندہی ، دیانتداری، لگن اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔انہوں نے یہ بات یہاں ایوان صدر میں99ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان انسانی وقدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ترقی سے آمدن پیدا ہوتی ہے جبکہ بہتر اسلوب حکمرانی اس کے ثمرات عوام تک پہنچاتی ہے۔ صدر نے کہا کہ ریاست پرترقی کےلئے سازگار صحتمند سیاسی ، سماجی اور اقتصادی ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تو سول سروس اس کے امور کار کی موثر طور پر انجام دہی کو یقینی بناتی ہے، پبلک پالیسی کا حتمی مقصد مربوط انداز میں عوامی بہبود کو فروغ دینا ہے، امید ظاہر کی کہ ادارہ موجودہ اور آئندہ پالیسی سازوں کی بدلتی ہوئی تربیتی ضروریات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھتے ہوئے اپنے نصاب کو اپ ڈیٹ کرتا رہے گا۔ صدر نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 14 اپریل 1948ءکو سول سرونٹس سے خطاب کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے پاکستان کی تعمیر اور اسے دنیا کی عظیم اقوام بنانے کےلئے عزت، وقار، نیک نامی اوربے خوف انداز میں فرائض کی انجام دہی کے ذریعہ سول سرونٹس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ قبل ازیں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ریکٹر محمد اسماعیل قریشی نے 99ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے صدر کو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
صدرممنون حسین