سمندری طوفان نیلوفر کا خطرہ ٹل گیا، ٹھٹھہ، بدین میں شدید بارشیں ہونگی: محکمہ موسمیات

کراچی (سٹاف رپورٹر + نیوزایجنسیاں) بحیرہ عرب میں تیز ہواؤں کے باعث بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد وہ پاکستان کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا۔اس ضمن میں چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر جائے گا تاہم طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 650 کلو میٹر دوری پر ہے اور پاکستان اور بھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر کراچی میںآجکو 20 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی جبکہ وزیراطلاعات سندھ نے کراچی جنوبی، شرقی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔  مزید براں این این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ نیلوفر طوفان کے کراچی سے ٹکرانے کی اطلاعات غلط ہیں۔ بحیرہ عرب میں اٹھنے والے طوفان کے اثرات کراچی آنے سے پہلے کم ہوجائیں گے۔ ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان نیلوفر چودہ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہاہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت اور رفتار میں مزید کمی کا امکان ہے۔ مزید براں ساحلی پٹی سے اڑھائی سو سے زائد افراد بدین کے کیمپوں میں پہنچ گئے۔ ٹھٹھہ کے خاندان اپنے  400 ماہی گیروں کی واپسی کے لئے دعاگو ہیں۔ دوسری جانب   بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر ہفتے کی دوپہر گجرات سے ٹکرائے گا جس کی وجہ سے علاقے میں 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ضلع کچ میں نیلوفر سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ، تیس ہزار لوگوں کو ساحلی علاقے سے دور منتقل کیا گیا ہے۔  مزید برآں بی بی سی کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں حکام نے سمندری طوفان نیلوفر کی آمد سے قبل ہزاروں افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل شروع کردیا ہے۔ بحیرہ عرب میں اٹھنے والا یہ طوفان ہفتہ کی صبح تک بھارت کے مغربی ساحل پر پہنچے گا۔ بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے طوفان کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بھارت میں طوفان ریاست گجرات کے ضلع کچھ سے ٹکرائے گا وہاں کے سینئر سرکاری اہلکار ایم ایس پٹیل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے اب تک  30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔مزید برآں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر کا خطرہ ٹل گیا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات محمد حنیف نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا لیکن شدید بارشیں ہونگی۔ ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشیں ہونگی۔ سمندری طوفان کی شدت 50 فیصد کم ہو چکی ہے آج شام تک طوفان کی شدت مزید 25 فیصد کم ہو جائے گی۔مزید براں اے پی پی کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سمندری طوفان ’’نیلوفر‘‘ کے پیش نظر گزشتہ روز ابراہیم حیدری، کلفٹن، بوٹ بیسن کے ساحلی علاقوں کا  دورہ کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا طوفان کے پیش نظر مؤثر ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام دعا کریں کہ سمندری طوفان ’’نیلوفر‘‘ خیریت سے گزر جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کو کراچی میں نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ سمندری علاقوں میں ہر قسم کی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات علیم الحق کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں آج دوپہر کے بعد مزید کمی آئے گی۔ طوفان ٹھٹھہ سے 40 کلومیٹر دور دم توڑ جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...