لاہور‘ کراچی (خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں پر 16امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے جبکہ جنرل کونسلر کی نشست پر 758 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے اور اب 33ہزار 794 امیدواروں میں اب مقابلہ ہوگا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 707 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جبکہ اب ساڑھے 14 ہزار کے قریب امیدواروں میں اب مقابلہ ہے۔ بلامقابلہ جیتنے والوں میں پیپلزپارٹی کے 491 امیدوار شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی کے اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں 8 اضلاع میں پیپلزپارٹی کے 491 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ لاہور کی 4 یونین کونسلوں میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلر بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ان میں سابق لارڈ میئر لاہور خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107 سے بلامقابلہ چیئرمین اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر چوہدری باقر حسنین کے بھائی چوہدری جعفر حسین بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوچکے ۔ یونین کونسل 53 سے مسلم لیگ (ن) کے جاوید احمد بلامقابلہ چیئرمین اور عادل عباسی بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔ یونین کونسل 258 میں مسلم لیگ (ن) کے رضوان علی کھوکھر بلامقابلہ چیئرمین اور ملک مصور کھوکھر وائس چیئرمین منتخب ہوئے اور یونین کونسل 26 سے مسلم لیگ (ن) کے جاوید اقبال بلامقابلہ چیئرمین اور عبدالرشید خان بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔