لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز چین کی وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے ایمبسڈرلیو گیوینگیان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ورکنگ گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد پر اتفاق ہوا -چینی وفد کے سربراہ ایمبسڈر لیو گیوینگیان نے چین کے وزیراعظم اور چینی وزیرخارجہ کا خصوصی پیغام بھی وزیراعلیٰ کی پہنچایا۔ شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایک عظیم تحفہ ہے-پاکستان کے 18کروڑ عوام چین کے صدر ، وزیراعظم او رحکومت کی جانب سے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے -سی پیک کے تحت پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں میں منصوبوں پر کام کا تیزرفتاری سے آغاز ہوچکا ہے-میں ذاتی طورپر سی پیک کے منصوبوں پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں چین کے سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کیا گیاہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں-سی پیک کے منصوبے معیشت کے استحکام اور عوام کو روزگار کی فراہمی کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں- توانائی کی کمی دور کرنے کے لئے بھی سی پیک کے منصوبے گیم چینجر ہیں-سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد اور ان کے مکمل کے لئے جان لڑا دیں گے -چینی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی- دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم کر چکی ہے پاکستا ن سے دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ ہر پاکستانی کا عزم ہے -دہشت گردی کو ہر صورت شکست دیں گے ترقی اور خوشحالی کا خواب دہشت گردی کو شکست دئیے بغیر پورا نہیں ہوسکتا- معاشی منصوبوں کی تکمیل، روزگار کی فراہمی، تعلیم وصحت کی سہولتیں مہیا کرنے او رسرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اس ناسور کا خاتمہ ضروری ہے-وفد کے سربراہ ایمبسڈر لیو گیوینگیان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ چینی وزیراعظم پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کے معتر ف ہیں چینی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں موثر اقدامات کئے ہیں-سی پیک کے منصوبوں پر اعلیٰ معیاراور تیز رفتاری سے مل کر کام کریںگے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز کوریا کے سفیر سانگ جانگ ہوان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوریا کے سفیر نے توانائی کے شعبے میں ہرممکن معاونت اور تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی اور ملاقات میں معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔کورین سفیر نے پاکستان میں شدید زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانو ںکے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کوریا کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ اور معاشی روابط موجود ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور کوریا معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیں۔ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کورین کمپنیاں ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کوریا کی جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون اور معاونت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کوریا کی جانب سے تعاون کی پیشکش خوش آئند ہے کورین سفیر سانگ جانگ ہوان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے منصوبے لگانے میں ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں شہباز شریف کی سربراہی میں ترقی و خوشحالی کی جانب سفر کر رہا ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے کروڑوں لوگ مستفید ہوں گے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ دیہات میں خوشحالی کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12اضلاع میں اسلحہ کی نمائش او راسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اسلحہ کی نمائش او راسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ صوبے میں قانون او رانصاف کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ مزید برآں شہباز شریف سے آگزشتہ روز آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بیرگیٹیا بلہا نے ملاقات کی جس میں دلچسپی کے امور دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ پنجاب میں زراعت لائیو سٹاک توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں بیرونی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں علاوہ ازیں شہبازشریف نے سینئر صحافی حیدر رضوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔