پاکپتن/ گجرات/ سیالکوٹ/ ساہیوال (نامہ نگاران) بلدیاتی انتخابات کے دوران ریلیاں نکالنے، آتش بازی کر نے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف کے امیدواران سمیت سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے دوسرے اضلاع سے 5 ہزار پولیس اہلکار گجرات پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے پاکپتن کے گائوں موچی پورہ میں محمد امجد اقبال وغیرہ 7 افراد نامزد 225 افراد نامعلوم، گائوں موچی پورہ میں عبدالعزیز ہانس وغیرہ 7 افراد 225 افراد نامعلوم، گائوں 60/D میں رائو جمیل ہاشم وغیرہ 5 افراد 150 نامعلوم، گائوں 34/Sp میں جاوید احمد گل وغیرہ 40 افراد، گائوں 32/sp میں محمد اصغر وغیرہ 25 افراد 35 افراد نامعلوم، اڈا ورسیں میں غلام مر تضٰی وغیرہ6 افراد 65 افراد نامعلوم، چوک پرانا تھانہ احمد عباس وغیرہ 25 افراد 40 افراد نامعلوم، چوک پرانا تھانہ قمر زمان وغیرہ27 افراد 35 افراد نامعلوم، گائوں 28/Eb میں طارق جاوید بھٹی وغیرہ 12 افراد اور 15نامعلوم افراد بلدیاتی انتخابات کے دوران ریلی نکال رہے جن کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ ایلیٹ فورس نے گجرات کی یونین کونسل نورا منڈیالہ سے ق لیگ کے امیدوار چیئرمین چودھری سجاد ملہی کو اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرا دیا اطلا ع ملتے ہی چودھری سجاد ملہی کے حمایتی تھانہ صدر پہنچ گئے بعدازاں مجسٹریٹ محمد آصف کی عدالت سے سجاد ملہی کی ضمانت منظور ہونے پر انہیں رہا کر دیا گیا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالنے پر امیدوار برائے چیئرمین حاجی ناصر محمود، امیدوار برائے چیئرمین نسیم جوڑا، امیدوار برائے چیئرمین شہباز صراف جبران ڈار وغیرہ اور 60 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ ساہیوال حسین کالونی چک نمبر 90/9 ایل میں شاہد وغیرہ جلسہ میں لائوڈ اسپیکر استعمال کر رہے تھے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ پر مقصود احمد وغیرہ پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری طرف ضلع گجرات میں آج ہونے والے بلدیاتی الیکشن کیلئے دوسرے اضلاع سے 5 ہزار پولیس اہلکار گجرات پہنچ چکے ہیں جنہیں مختلف علاقوں میں ٹیموں کی صورت میں 1275 پولنگ سٹیشنوں پرتعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈویژن کے دیگر 5 اضلاع گوجرانولہ، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ سے بھی نفری کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی‘ پاکپتن‘ گجرات اور ساہیوال میں سینکڑوں افراد پر مقدمات
Oct 31, 2015