عالمی خریداروں کی توجہ پاکستانی مصنوعات کی جانب مبذول کرانا ہوگی: لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) معیار میں بہترین ہونے کے باوجود برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی تکنیک کا فقدان عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ میں آڑے آرہا ہے جس کی وجہ سے برآمدات بھی زوال پذیر ہیں ۔لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد ، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ برانڈنگ کسی عام مصنوعات کو خاص بنا دیتی ہے جس کی وجہ سے خریدار اْس کی طرف راغب ہوتے ہیں، اگر حکومت اس سلسلے میں تاجروں کی کپیسٹی بلڈنگ کرے تو بہت اچھے نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نجی شعبے سے مل کر تجربہ کار ٹرینرز کی خدمات حاصل کرے جو اس سلسلے میں تربیت مہیا کریں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ عالمی منڈی میں سخت مقابلے کو مد نظر رکھتے ہوئے برانڈنگ کلچر کو فروغ دینے دینا ہوگا جس سے عالمی خریداروںکی توجہ پاکستانی مصنوعات کی طرف مبذول ہوگی اور ملک میں قیمتی زرمبادلہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میںخریدار برانڈڈ مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں ، معیار کے حوالے سے پاکستانی مصنوعات دنیا بھر میں بہترین ہیںلیکن کمزور برانڈنگ کی وجہ سے عالمی منڈی میں ہمارا حصّہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برانڈنگ ایک ایسا ٹول ہے جس سے نہ صرف برآمدات کو فروغ حاصل ہوتا ہے بلکہ مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کے لوگ برانڈڈ مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں۔ برانڈنگ کامیابی کی کلید ہے کیونکہ اس سے مقامی اور عالمی سطح پر مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن