پولیس کو سیاسی مقاصد، مفادات کیلئے استعمال کرنا ماورائے آئین ہے: مشرف

لاہور(خبر نگار) پاکستان کے سابق صدرمملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے شہریوں کو مذہبی رسومات کی آزادی کی فراہمی اور دوران عبادت ان کی بھرپور حفاظت یقینی بنانا ریاست کا فرض ہے۔ بدعنوانی میں ملوث اور داخلی بحرانوںسے دوچار حکومت نے شہریوں کو شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔ پولیس اور ایف سی سے سیاسی کارکنان کیخلاف کریک ڈائون کی بجائے امن وامان برقرار رکھنے کا کام لیا جاتا تو شاید یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔ پولیس کو سیاسی مقاصد اور مفادات کیلئے استعمال کرنا ماورائے آئین اقدام ہے، حکومت کی اس مجرمانہ روش نے شہریوں اور شہروں کو غیرمحفوظ کردیا۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے سانحہ کراچی پر اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا شرپسند عناصر کو فوری کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ اے پی ایم ایل کے ترجمان کے مطابق وہ اے پی ایم ایل کے قائدین اورکارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا امن وامان کی بحالی وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست کیوں نہیں۔ حکمرانوں کا شرپسندوں کی سرکوبی پر فوکس کرنے کی بجائے سیاسی قوتوں کے ساتھ محاذ کھولنا ناقابل فہم ہے۔

ای پیپر دی نیشن