حکمران کتنا ہی زور لگالیں احتساب سے نہیں بچ سکتے‘ ضیاءعباس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاءعباس نے کہا ہے کہ حکومت لاقانونیت پراتر آئی ہے اوراقتدارکی ڈگمگاتی کشتی کو بچانے کے لئے عدالتی احکامات تک کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں‘ تاہم انہوںنے کہا کہ حکمراں چاہے کتنا ہی زور لگالیں اب وہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ راولپنڈی میں آنسو گیس کی شیلنگ سے جاں بحق ہونے والے شیر خوار بچے کا خون رنگ لا کر رہے گا اور کنٹینر لگا کر راستے بلاک کرنے کی وجہ سے فوجی افسرکوموت کے منہ میں دھکیلنے کا بھی حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شاہد عزیز صدیقی کے واضع احکامات کے باوجود کنٹینر لگا کر شاہراہوں کی بندش اور بلا جواز گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کو کسی عدالت اورقانون کی پرواہ نہیں اور اپنی کرپشن چھپانے اوراقتدار بچانے کے لئے وہ کھلم کھلا غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے لیکن سید ضیاءعباس نے کہا کہ طاقت کے نشے میں چور حکمرانوں کومعلوم ہونا چاہئے کہ اللہ کی لاٹھی اور جمہور کی طاقت کے آگے کوئی ظالم زیادہ دیر نہیں ٹھہرسکتا۔

ای پیپر دی نیشن