اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دینے والے پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں:شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے بجلی کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے۔ سی پیک کے تحت 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں ہو رہی ہے۔ سی پیک کے تحت سندھ، بلوچستان، کے پی کے، پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔ گزشتہ پندرہ سولہ سال سے جاری لوڈشیڈنگ نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا۔ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ مخالفین ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے۔ ماضی میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں جو بروقت مکمل ہوا ہو۔ پنجاب حکومت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ایک طرف جب ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے تو دوسری طرف اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کرپاکستان کے خلاف ناپاک سازش کی جارہی ہے ۔ اسلام آبادبند کرنے کی دھمکی دینے والے پاکستان سے کھلی دشمنی کررہے ہیں۔ یہ شکست خوردہ عناصر پاکستانی عوام کی ترقی اورخوشحالی کا دھڑن تختہ کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا دروازہ بند کرنے کی سازش ہے اور ان شکست خوردہ سیاسی عناصر کے غیر جمہوری ہتھکنڈے پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکے ہیں ۔ تحریک انصاف اپنے نام کے برعکس نا انصاف پارٹی بن چکی اور اس جماعت نے انصاف کے ہر فورم پر ہونے والے فیصلوں کو ماننے سے انکار کیا ہے۔ باشعور پاکستانی عوام شکست خوردہ عناصرکو ہر سطح پر مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2014 میںدھرنوں اور احتجاج کی سیاست نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا اور آج سی پیک کے منصوبوں کی خارجی اور اندرونی سطح پر مخالفت ہو رہی ہے۔ اس وقت دھرنے نہ دیئے جاتے تو کئی منصوبے اب تک مکمل ہوچکے ہوتے۔ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا ایک بڑا جرم اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ ترقی کا عمل روکنے والوں کا عوام خود محاسبہ کریں گے۔ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے، اس کی مخالفت درحقیقت پاکستان کی ترقی کی مخالفت ہے۔پاکستان کے باشعور عوام کسی کو بھی ترقی کا راستہ روکنے نہیں دیں گے۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیر صدارت تعطیل کے روز بھی چارگھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانا میرا مشن ہے اور مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر حال میں مکمل کروں گا۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سزا اور جزا کا کڑا نظام ضروری ہے۔ ڈاکٹروں، نرسوں ،پیرا میڈیکل سٹاف اوردیگر عملے کی اچھی کارکردگی پر بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اوراس ضمن میں پنجاب حکومت ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے پرفارمنس ایوارڈ کا اجرا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے’’پرفارمنس ایوارڈ‘‘ کا میکانزم مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کو ان کے گھر پر ادویات کی فراہمی کے نئے نظام پر عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت ہر سال سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو اربوں روپے کی ادویات مفت فراہم کر رہی ہے اور اس مقصد کے لئے رواں سال بھی چھ ارب روپے کی ادویات خریدی جا رہی ہیں۔ ادویات کی خریداری، سٹوریج اور ترسیل کا نیا فول پروف نظام لایا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت مریضوں کو ادویات ان کی دہلیز پر ملیں گی، جس سے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی کم ہوگا۔ نئے نظام سے ادویات کی خورد برد اور چوری جیسی قباحتوں کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ادویات کی سٹوریج اور ترسیل کے نئے نظام کو جلد حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں نجی شعبہ سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس لئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر پانچ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور تین تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں کیلئے ایم ایس نجی شعبے سے لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں فراہم کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا اتوار کے روز ہسپتالوں میں فارمیسی کھلی ہونی چاہیے اور سٹورکیپر بھی موجود ہوتا کہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محمد شہباز شریف نے موٹر وے، حضرو کے قریب ہونیوالے حادثے پر افسوس کا اظہار اور شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل شاہد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی میجر جلال کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوںکے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...