پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا گیا : اعتزاز احسن

Oct 31, 2016 | 20:15

ویب ڈیسک

 پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پرویز رشید کو خبر لیک ہونے کے معاملے پر قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن ہمیشہ کمزور کو نشانہ بناتی ہے ماضی میں مشاہداللہ کو بھی قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا۔ لاہور میں سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی باتیں زیادہ تر مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتی ہیں، پرویز رشید بھی قومی سلامتی کے معاملے میں مارے گئے۔ پیپلزپارٹی نے قومی سلامتی کے نام پر کبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ اصل ایکشن اس کے خلاف ہونا چاہئے جس نے خبر دی۔ پانامہ پیپرز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جن خاندانوں کے نام ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ میاں نواز شریف نے جس سال زیرو ٹیکس دیا تھا اس سال انہوں نے اربوں کی جائیدادیں خریدیں، ان کا احتساب ہمارے ٹی او آرز کے مطابق ہونا چاہئے۔ اسلام آباد جانے والے راستے بند کرنے کے حوالے سے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پناب سرکار کے نزدیک اقتدار بچانا قومی مفاد سے زیادہ عزیز ہے۔

مزیدخبریں