اسلام آباد(آن لائن)قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ کے ایک دھڑے نے کلاسز پر لگے تالوں میں ایلفی ڈال دی جس سے تدریسی کلاسز نہ ہوسکیں جب کہ بسوں کے ٹائروں کی بھی ہوا نکال دی۔قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ کا مخصوص دھڑا گزشتہ ایک ہفتے سے احتجاج کررہا ہے تاہم گزشتہ ہفتے پولیس نے حالات پر قابو پاکر تدریسی عمل بحال کرادیا تھا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی میں پیر کو طلبہ نے سامنے آکر احتجاج تو نہ کیا لیکن طلبہ کے اس مخصوص دھڑے نے انتہائی چالاکی سے یونیورسٹی کی بسوں کے ٹائروں کی ہوا نکال دی اور کلاسز پر لگے تالوں میں ایلفی ڈال دی جس سے یونیورسٹی کی انتظامیہ لاعلم رہی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کا یہ دھڑا روپوش ہے اور ان کے موبائل بھی بند ہیں۔پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج منگل کو ہر صورت میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی جب کہ پولیس نے بھاری نفری بھی یونیورسٹی میں تعینات کردی ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی