ایبٹ آباد+ہری پور(اے پی پی) گلیات کے علاقہ پھلکوٹ میں جیپ گہری کھائی میں گرنے کے نتیجہ میں ماموں بھانجا جاں بحق جبکہ ہری پور میں ڈمپر تصادم میں ایک مسافر جاں بحق، خاتون زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق گائوں مالسہ کا رہائشی وسیم ولد محمد اشرف گذشتہ روز اپنی جیپ نمبر0029 ایبٹ آباد پر پھلکوٹ میں ریت اتارنے گیا، اس کا 7 سالہ بھانجا منان بھی جیپ میں سیروتفریح کی غرض سے سوار ہو گیا۔ واپسی پر وسیم کی جیپ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میںوسیم اور اس کا 7 سالہ بھانجا منان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور موقع پر موجود لوگوں کی مدد سے نعشیں کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیں۔ بعد ازاں دونوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔دریں اثناء کوٹ نجیب اﷲ موٹر وے انٹرچینج کے قریب بس اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجہ میں حطار کا رہائشی مسافر راشد زمان جاں بحق اور خاتون مسماۃ (م) شدید زخمی ہو گئی، زخمی خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسافر کی نعش قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالہ کردی گئی ۔ پولیس تھانہ کوٹ نجیب اﷲ میں متوفی کے بھائی صفدر زمان سکنہ حطار کی مدعیت میں ڈمپر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔