کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلر سمیت 10 ملزم گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) رینجرز کی کراچی میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری، گزشتہ روز کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلر سمیت مزید 10 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ ایمونیشن اور منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق گلبرگ سے پکڑا جانے والا کالعدم سپاہ صحابہ کا کارکن سعد عرف ڈرائی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے علاوہ 2012ء میں زبردستی دکانیں بند کرانے اور رینجرز پر فائرنگ میں بھی ملوث ہے۔ جمشید کوارٹر، گلبرگ اور بریگیڈ کے علاقوں میں چھاپے مارکر ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث چار ملزمان محمد حسن، عجب گل، ساجد اور محمد عدیل کو گرفتارکیا گیا جبکہ عوامی کالونی، جمشید کوارٹر اور درخشاں سے پانچ منشیات فروشوں محرم علی، جان محمد، فیروز خان عرف سرور، مظہر حسین عرف راجہ اور عبدالمنان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ القاعدہ برصغیر کے مبینہ دہشت گرد نور محمد عرف سندری کیخلاف انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں چالان پیش کردیا گیا۔ چالان دھماکہ خیزمواد اور غیر قانونی اسلحہ کے کیس میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم القاعدہ برصغیر کا کارندہ اور ابو ہریرہ گروپ کا سہولت کار ہے۔

ای پیپر دی نیشن