کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ میں سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈیزمیں ڈاکٹروں کی ہڑتال 22ویں روزبھی جاری رہی۔ ہڑتال کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔بولان میڈیکل ٹیچرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال جاری رہی، ہڑتال سول ہسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، فاطمہ جناح اور ہیپلرزآئی ہسپتال میں کی گئی۔ہڑتال کے باعث اوپی ڈیزبند رہیں اور ڈاکٹرز ڈیوٹی سے غائب رہیں، روزانہ تین گھنٹے صبح 8 سے11 بجے تک اوپی ڈیز کی بندش اور ڈاکٹروں کی غیرحاضری کے باعث مریضوں کومشکلات کا سامنا رہا۔ٹیچرز ایکشن کمیٹی نے مطالبات تسلیم کئے جانے تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، مطالبات میں میڈیکل فیکلٹی کیخلاف کارروائی بند کئے جانے، ٹراماسینٹر میں سہولیات کی فراہمی و مکمل فعال کیے جانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔