یمن: ایران حوثی باغیوں کو اسلحہ دیتا‘ امن بحالی میں رکاوٹ ہے: سعودی عرب

ریاض، تہران (بی بی سی+ اے ایف پی) سعودی عرب نے ایران پر ایک مرتبہ پھر حوثی باغیوں کی حمایت اور مدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یمن میں قیامِ امن کی کوششوں میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔ ایران نے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ بیان ریاض میں سعودی اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں سامنے آیا ہے۔ اس اجلاس میں مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے علاوہ فوجی حکام بھی شریک تھے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایران پر حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ 'ایران یمن کے مسئلے کے حل کے لیے تمام کوششوں کو تباہ کر رہا ہے اور اسی وجہ سے حکومت اور ملیشیا کے درمیان سیاسی مذاکرات کی تمام کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔‘ یمن کے وزیر خارجہ عبدالمالک نے اجلاس کو بتایا کہ حوثی باغی ایران کے اثر کے باعث 'فرقہ وارانہ منصوبہ' چلا رہے ہیں جس کا مقصد یمنی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔ سعودی جنرل احمد العسیری نے کہا عرب ممالک کی طرف سے یمن کے ’’محاصرے‘‘ کی اصطلاح غلط ہے۔

ای پیپر دی نیشن