دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ کا اعلان کر دیا، بیٹنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی دوبارہ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے، بائولنگ میں پاکستان کے حسن علی اور آل رائونڈرز میں محمد حفیظ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی فریش رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیٹنگ کے شعبے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے دوبارہ حکمرانی قائم کر لی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں شاندار سنچری سکور کی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تیسرے، پاکستان کے بابر اعظم چوتھے اور جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کاک پانچویں نمبر پر ہیں۔ بائولنگ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بائولر حسن علی پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ جنوبی افریقا کے عمران طاہر دوسرے، بھارت کے جسپریت بمراہ تین درجے ترقی کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا پانچویں نمبر پر ہیں۔ آل رائونڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے محمد حفیظ پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔
پلیئرز رینکنگ‘ باؤلرز میں حسن علی آل راؤنڈرز میں پروفیسر حفیظ کا راج
Oct 31, 2017