پیاز کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام پھلکارا اور ڈارک ریڈ کاشت کریں

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)نظامت زرعی اطلاعات نے کاشتکاروںکو سفارش کی ہے کہ وہ پیاز کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام پھلکارا اور ڈارک ریڈ کاشت کریں۔ پنیری کی کاشت کیلئے ایسی زمین کا انتخاب کریں جس میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ کاشت سے قبل گلی سڑی گوبر کی کھاد ایک من فی مرلہ کے حساب سے ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملا ئیں اور آبپاشی کر دیں۔ وتر آنے پر 3-2 دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں اگ آئیں۔ زیادہ پیداوار کیلئے 3 تا 4 کلوگرام فی ایکڑ بیج 5 سے 6 مرلہ کی نرسری کیلئے استعمال کریں ۔ پنیری کی بوائی سے پہلے بیج کو محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے پھپھوندکش زہر لگائیں۔ کاشت کے وقت4-3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین تیار کر لیں اور3 میٹر کے فاصلہ پر نشان لگا کر پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ ان کے دونوں اطراف میں نالیاں بن جائیں ۔ ان پٹڑیوں کو چھوٹی چھوٹی کیاریوں میں تقسیم کر لیں اور اچھی طرح ہموار کر کے ان میں 7 تا 8 سینٹیمیٹر کے فاصلہ پر ایک سینٹی میٹر گہری لکیریں لگائیں۔ ان لکیروں میں مناسب مقدار میں بیج ڈال کر بھل کی باریک تہہ سے ڈھانپ دیں اور فوارے کی مدد سے آبپاشی کر یں۔ اگر دن کے وقت درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جائے تو پنیری کو سرکنڈا کی باڑ سے ڈھانپ دیں اور جب بیج اگنا شروع ہو جائیں تو سرکنڈا کی باڑ اتار دیں۔

ای پیپر دی نیشن