مسلم لیگ (ن) متحد ہے، کسی سے بھی فارورڈ بلاک کی بات نہیں سنی: سپیکر قومی اسمبلی

Oct 31, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے، کسی سے بھی مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک کی بات نہیں سنی۔ سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ کی خواہش کرنے والے جمہوریت کے خیر خواہ نہیں۔ وہ گزشتہ روز رسول پارک پارک سمن آباد زون آفس کے دفتر کی افتتاحی تقریب میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا آئین میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، سازشی عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان مستحکم ہو۔ پاکستان کی سالمیت کی مخالف قوتوں نے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانا شروع کردیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا نواز شریف کے چار سالہ دور میں جو بہتری آئی وہ سب کے سامنے ہے، ایل این جی آنے سے اس بار سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ تقریباً ختم ہوچکی ہے، دسمبر تک بالکل ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز وطن واپس آنے کے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا سکیں گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو مردم شماری پر مشاورت کیلئے لندن بلایا ہے۔

مزیدخبریں