سعودی خواتین کیلئے قوانین میں مزید نرمی، سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گی

ریاض (آن لائن)سعودی عرب نے خواتین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دی ہے اور خواتین اپنے اہلخانہ کے ساتھ آئندہ سال سے سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گی۔ملک کے تین بڑے شہروں ریاض، جدہ اور دمام میں اہل خانہ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے لیے قوانین میں نرمی آئی ہے اور حال ہی میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔مبصرین کے خیال میں خواتین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنا، ان کو آزادی دینے کی جانب دوسری اہم پیش رفت ہے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی ملک کو جدید بنانے اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔سعودی عرب میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ تین سٹیڈیم میں تیاریاں کی جائیں گی تاکہ 'وہ 2018 کی ابتدا سے اہل خانہ کے لیے تیار ہوں۔'ان تبدیلیوں کے تحت سٹیڈیم میں ریستوران، کیفے اور مانیٹر سکرین لگائی جائیں گی۔تازہ اصلاحات کے باوجود سعودی عرب میں خواتین کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیںسعودی عرب میں ہونے والی یہ اصلاحات شہزادہ محمد بن سلمان کے اقتصادی تبدیلیوں کے وژن 2030 کے تحت کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن