لائن آف کنٹرول پر مجاہد فورس کی قربانیاں لائق تحسین ہیں: آرمی چیف

Oct 31, 2017

راولپنڈی (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو مجاہد فورس کے فرسٹ کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگانے کے لئے بھمبر میں مجاہد فورس سینٹر میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران اور مجاہد فورس کے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مجاہدفورس کی قربانیوں اور بالخصوص لائن آف کنٹرول پر خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجاہد فورس سینٹر میں یادگار شہداء پر حاضری دی ‘پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ علاوہ ازیں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات پر پاک فوج نے نوجوان سائیکلسٹ ثمر خان کی مالی اعانت کا اعلان کر دیا ہے‘ ثمر خان تنزانیہ میں افریقہ کی بلند ترین چوٹی پر سائیکلنگ کریں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ثمر خان کا تعلق کے پی کے مالاکنڈ ڈویژن کے علاقہ دیر سے ہے۔ ثمر خان قراقرم کی بلند ترین چوٹی پر بھی سائیکلنگ کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔

مزیدخبریں