لاہور (خصوصی نامہ نگار+ صباح نیوز)جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے خلاف بی جے پی سرکار کی سب سازشیں دم توڑ چکیں۔ حریت قیادت کی نظربندیاں اور قتل وغار ت گری بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکی۔ قادیانی اسلام و پاکستان کے بہت بڑے دشمن ہیں۔ ختم نبوت کے حلف نامہ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزادی جائے۔ بھارت سے دوستی کیلئے ملکی و قومی مفادات کو پس پشت ڈالنا درست نہیں۔ حکومت ملک و قوم کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کر رہی۔ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔ باہمی لڑائی جھگڑے ختم اور ملک میں اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا روڈ فیصل آباد میں منعقدہ شہداء کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا عبداللہ عبید، حافظ عبدالرئوف، شیخ فیاض احمد، ابو بصیر احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں تیارکردہ تحقیقاتی رپورٹ چھپانے کی کوششیں درست نہیں۔ فتنہ قادیانیت کے حوالہ سے حکمران ابہام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس حوالہ سے حکمرانوں کو دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے قوم میں پائی جانے والی بے چینی کی کیفیت کو دور کرنا چاہیے۔ بیرونی قوتوں کے دبائو پر پاکستان میں لبرل ازم اور سیکولرازم پروان چڑھانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے حوالہ سے بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان وآزاد کشمیر میںرکن سازی مہم جلد شروع کریں گے۔ الیکشن کمشن ملی مسلم لیگ کو بطور سیاسی جماعت تسلیم کرے اور باقاعدہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تنظیمی امور سے متعلق اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا گیا جبکہ سینئر صحافی احمد نورانی پر حملہ کی مذمت کی گئی۔ اجلاس کے دوران این اے 120لاہور کی طرح این اے 4پشاور میں بھی حالیہ انتخابی مہم میں بھرپور تعاون پر حلقہ کے عوام کیلئے شکریہ مہم شروع کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ سیف اللہ خالد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمشن کی طرف سے حکومتی دبائو کا شکار ہو کر جانبدارانہ رویہ اختیار کیا گیا۔ ہم ملک گیر سطح پر اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بیرونی دبائو پر ہماری سیاسی سرگرمیوں کو روک رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر قانون زاہد حامد کو فی الفور برطرف اور سینئر سیاستدان راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں تیارکردہ تحقیقاتی رپورٹ فی الفور منظرعام پر لاتے ہوئے ختم نبوت کے حلف نامہ میں ترمیم کی کوششیں کرنے والوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔