کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی پی کی کارکردگی بہتر ہو گی کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے کرپشن کے خلاف بولنے والے اس مسئلے کا حل نہیں چاہتے، جمہوریت کے خلاف سازشوں میں نواز شریف شریک رہے، بے نظیر بھٹو کی شہادت سے پورا ملک ہل گیا تھا، پی پی ٹیکنو کریٹ حکومت قبول نہیں کرے گی پی پی نے ہمیشہ معیشت پر توجہ دی ہے احتساب میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہئے، عمران خان نے آج تک والدہ کی شہادت پر تعزیت نہیں کی، پارٹی میں کوئی بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کا ساتھ نہیں دیں گے ن لیگ کی حکومت نے چار سال تک وزیر خارجہ تعینات نہیں کیا، بھارت افغانستان میں سر مایہ کاری کر رہا ہے تو پاکستان کو بھی کرنی چاہئے، عمران خان خطر ناک کھیل کھیل رہا ہے، نفرت کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں، کوئی بھی غیر جمہوری راستہ برداشت نہیں کریں گے، پی پی نے کبھی نفرت کی سیاست نہیں کی، پی پی ہمیشہ کی طرح جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج پاکستان مسائل میں الجھا ہوا ہے، ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں جنہیں حل کرنا فرض ہے ، ہم نے اپوزیشن میں رہ کر پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ صرف پیپلز پارٹی ہی چاہتی ہے کہ ملک میں سیاست رہے ، اداروں سے ٹکرائو ملکی سالمیت کیخلاف ہے، جمہوریت کے ذریعے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، سیاستدانوں کو عوام کے حق کی بات کرنی چاہئے۔ ہم نے پارلیمنٹ کو طاقتور ثابت کر کے دکھایا، عوامی طاقت محسوس نہ کرنے والا شخص مٹ جاتا ہے، جو عوام کیلئے جیتا ہے وہ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔ تقریروں اور گالیوں میں سیاست نہیں کی جاتی، کچھ سیاستدان پہلے گالیاں دیتے ہیں پھر کہتے ہیں معاف کر دو جبکہ سیاستدان جب بات کرتا ہے تو اپنی بات پر اٹل رہتا ہے، معافی مانگنے کا مطلب ہے اپنی سیاست کو خدا حافظ کہہ دو۔