اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی سکروٹنی کے مطالبے پر مبنی خط الیکشن کمشن میں جمع کرادیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشن میں پارٹی فنڈنگ کے تمام ذرائع اور تفصیلات جمع کرادی ہیں۔گزشتہ روز تحریک انصاف کے سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق نے الیکشن کمشن میں خط جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے2010 سے 2017 تک کی فنڈنگ کی تفصیل الیکشن کمشن میں جمع کرادی اور فنڈنگ کے تمام ذرائع بھی بتادیئے۔خط میں دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی سکروٹنی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کے علاوہ کسی بھی جماعت سے فنڈنگ کی تفصیلات نہیں مانگی گئیں، الیکشن کمشن تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نظر سے دیکھے اور دیگر جماعتوں سے بھی فنڈز کی تفصیل مانگی جائے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ضروری ہے آئندہ انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی تفصیلات عوام کومعلوم ہوں۔دوسری جانب الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کمشن میں اپنے تمام فارن فنڈنگ کے ذرائع اور 700 صفحات پر مشتمل دستاویزات جمع کرادیں، الیکشن کمشن کے تمام سوالات کا جواب دے چکے ہیں۔ ہم نے الیکشن کمشن میں درخواست دی ہے کہ جن بڑی جماعتوں کے اکائونٹس کی تفتیش نہیں ہوئی ان کی بھی تفتیش کی جائے، ہم نے الیکشن کمشن کو تفصیلات بھی فراہم کی ہیں جس میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں کہ(ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکائونٹس جو کمشن کو دیئے گئے ان کے اپنے اکاؤنٹنٹ نے آڈٹ کرتے وقت شدید اعتراضات کئے ہیں، کروڑوں روپے کا پتا ہی نہیں چل رہا وہ کہاں جارہے ہیں۔ کمشن سے درخواست ہے دوسری جماعتوں کے اکائونٹس کی بھی تفصیلات کا پتا لگایا جائے۔ الیکشن سمیت صرف پی ٹی آئی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ (ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کوشش کررہی ہیں کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف کوئی نہ کوئی فیصلہ آجائے لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے کچھ نہیں چھپایا۔آصف زرداری اور نواز شریف کے ہاتھ 30 سالہ کرپشن سے رنگے ہیں، پی پی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک مسائل کا شکار ‘ حکومتی شخصیات لندن کے دوروں میں مصروف ہیں ۔ نواز شریف کا لندن ڈرامہ بھی فلاپ ہو گا ۔ پیر کے روز ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ حکمرانوں کے بیرون ملک دوروں کے اخراجات پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرانے کا فیصلہ کیاہے۔ حکومت جواب دے کہ حکمرانوں کے بیرون ملک دورے ‘ اخراجات کون برداشت کر رہا ہے ؟ اسحاق ڈار کا دورہ تاجکستان کروڑوں روپے کا خرچہ وزارت کو برداشت کرنا پڑا ۔