لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ہوں گے۔ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 2999 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ، سکھر، حیدر آباد، ملتان، بہاولپور، ایبٹ آباد میں پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ الیکشن بورڈ کے چیئرمین افراسیاب خان انتخابی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے جبکہ انتخابی عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ بار کے آج ہونے والے انتخابات میں مختلف نشستوں پر 44 امیدوار میدان میں ہیں۔ انڈیپینڈنٹ گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار پیر سید کلیم احمد خورشید اور پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار حافظ عبدالرحمن انصاری کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ امیدوار اپنی اپنی جیت کے لئے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ صدر کے علاوہ سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری، چاروں صوبوں سے نائب صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا انتخاب کیا جائے گا۔