ہنرمند قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی، ترقی و استحکام کا ذریعہ ہیں: صدر ممنون

Oct 31, 2017

لاہور (پ ر) ہمارے جواں ہمت ہنر مند قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو اپنے خون پسینے کی محنت سے اپنے اہل خانہ ہی نہیں پوری قوم کی خوشحالی اور ترقی و استحکام کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ممنون حسین نے ایوان صدر میں نیوٹیک کی جانب سے منعقدہ پروقار تقریب میں ہنر مندی کے قومی مقابلوں میں جیتنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں قومی سطح پر ہنر مندی مقابلے منعقد کروانے پر نیوٹیک اور اس کی موجودہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوںنے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، وہ پورے جوش و جذبے کے ساتھ ہنر سیکھیں اور اپنے اپنے کاموں میں مصروف عمل ہوجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے مختلف شعبوں میں بے شمار نئی آسامیاں پیدا ہورہی ہیں لہٰذا نوجوان مختلف تکنیکی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو ابھاریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نیوٹیک سے تربیت پانے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اندرونِ ملک و بیرونِ ملک اچھے اور باعزت روزگار کے حصول میں کامیاب ہوچکی ہے۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے صدر پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے فنی سیکٹر کی عزت و توقیر میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹیک نے پچھلے دو سال کے عرصے میں بہت سے سنگ ِ میل بین الاقوامی معیار کے مطابق طے کئے ہیں جو ہماری معیشت کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ورلڈ اسکلز کونسل کا ممبر منتخب ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکل سیکٹر بہت توانا ہے اور ہنر کی طاقت سے ہم اس سے ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ اگر یہ حکومت، میڈیا اور ملک کے اہم طبقوں کی ترجیح اول بن جائے تو ملک میں امن اور خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صدر پاکستان کی جانب سے مختلف تکنیکی شعبوں میں مہارت کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں انعامات و اسناد تقسیم کئے گئے۔ ہر ٹریڈ میں نیشنل چیمپیئن بننے والے کو ایک لاکھ روپے، دوم کو 75ہزار روپے اور سوم کو 50ہزار روپے نقد انعامات دیئے گئے۔ تقریب میں مختلف ملکوں کے سفارتکاران، ارکان پارلیمنٹ، صنعتکاروں، تعلیمی اداروں کے سربراہان، میڈیا کے سینئر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انڈسٹریل الیکٹریشن میں نیشنل چیمپیئن محمد عرفان (لاہور )، پلمبنگ اینڈ پائپ فٹنگ میں نیشنل چیمپیئن محمد اسماعیل (ہارون آباد)، میسن اینڈ ٹائل فکسنگ میں نیشنل چیمپیئن محمد الیاس ( حافظ آباد )، ویلڈنگ میں نیشنل چیمپیئن عتیق عثمان ( لاہور)، ڈریس میکنگ اینڈ فیشن ڈیزائننگ میں نیشنل چیمپیئن طیبہ منور (شیخوپورہ)، پروفیشنل فوٹو گرافی اینڈ فلم میکنگ میں نیشنل چیمپیئن عمیر احمد ( لاہور)، بیوٹیشن میں نیشنل چیمپیئن عابدہ شریف ( بہاولپور)، آٹو مکینک میں نیشنل چیمپیئن شاہ حسین (کراچی )، موٹر کار LTV ڈرائیونگ میں نیشنل چیمپیئن حاشر افتخار (شیخوپورہ )، ہیوی مشینری آپریٹر میں نیشنل چیمپیئن کاشان ممتاز ( اسلام آباد)، پروفیشنل کوکنگ میں نیشنل چیمپیئن عائشہ مرزا (فیصل آباد) نے حاصل کی۔ ہنر مندی کے قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سندھ ( تھر ) سے نارومل، خیبرپختونخواہ سے منیبہ حسین اور گلگت بلتستان (سکردو) سے نسرین کو خصوصی انعامات دیئے گئے۔

مزیدخبریں