آئی جی کی تبدیلی کیلئےایک دو روز میں وفاق کو خط لکھ دیں گے،سندھ حکومت

کراچی(اے این این ) وزیر قانون سندھ ضیا لنجار کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے ایک دو روز میں وفاق کو خط لکھ دیں گے۔میڈیا سے گفتگو میں ضیا لنجارنے کہا کہ پولیس میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے معاملے پرعدالت میں اپیل دائر کریں گے کیونکہ پولیس میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر حکومت کا کردارہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ڈیڈ لائن کے مطابق آئی جی تبدیل کرنے کا معاملہ حل کررہے ہیں، حکومت سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرنے کے لیے دوروز میں وفاق کو خط لکھے گی اور رواں ہفتے آئی جی کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھاکہ اس وقت 22 گریڈ اور 3 سال کی سروس کے 2 افسران موجود ہیں لہذا حکومت وفاق کو 22 گریڈ کے افسر سردار عبدالمجید کا نام بھیجے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کااجلاس بلانے سے قبل آئی جی کونوٹس بھیجا تھا، آئی جی نے اپنی پریزینٹیشن کابینہ اجلاس میں پیش کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن