بچے کا غلط آپریشن، ورثاء کا احتجاجی مظاہرہ ، ہسپتال کی کھڑکیاں ، شیشے توڑ دئیے

Oct 31, 2017

ملتان (سٹاف رپورٹر) نجی ہسپتال میں بچے کا غلط آپریشن کرنے پر ورثاء کا احتجاجی مظاہرہ ، کھڑکیاں اور شیشے توڑ دئیے ، ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ہسپتال کو سیل کرا دیا ۔ تفصیل کے مطابق شہری غلام فرید اپنے 2 ماہ کے بچے کو لیکر ختنہ کرانے کی غرض سے وائی سی ڈی او نامی ہسپتال اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر لایا جہاں پر موجود اناڑی ڈسپنسر نے بچے کا غلط آپریشن کر دیا جس پر ورثاء نے شدید ردعمل کرتے ہوئے ہسپتال کے شیشے توڑ دئیے اور انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ واقع کا علم ہونے پر ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے واقعہ کا نوٹس لیا اور محکمہ صحت کو انکوائری کا حکم دیا ۔ اس ضمن میں ڈرگ کنٹرول محکمہ صحت چوہدری اسد ابرار کی سربراہی میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عثمان غنی اور ڈاکٹر مسعود نے موقع پر پہنچ کر نجی ہسپتال کو سیل کر دیا جبکہ ملزم کو پولیس گرفتار کر کے لے گئی ۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے مالک حاضر سروس ایس ایچ بتائے جاتے ہیں جو مسلم لیگی ایم پی اے کے بہنوئی بھی ہے ۔ رات گئے تک ملزمان کیخلاف مقدمہ درج نہ کرانے کیلئے با اثر افراد پولیس پر دبائو ڈالتے رہے ۔

مزیدخبریں