میڈرڈ(این این آئی)ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں لاکھوں افراد نے ملک کو متحد رکھنے کے لیے ایک ریلی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علیحدگی پسند رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ کو جیل میں ڈال دیا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں منعقد ہونے والی ایک ریلی میں تقریبا تین لاکھ افراد نے شرکت کی۔کاتالونیا کی علاقائی حکومت کی طرف سے اسپین سے آزادی کے یک طرفہ اعلان کے بعد میڈرڈ حکومت نے اس ریجن کی نیم خودمختار حیثیت ختم کر دی تھی۔ اس پیشرفت کے نتیجے میں بارسلونا کے باسیوں نے علیحدگی پسند حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس ریلی کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس احتجاجی مظاہرے میں شریک ہونے والے افراد کی تعداد گیارہ لاکھ بنتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ بارسلونا میں ان مظاہرین نے اسپین کے پرچم تھامے ہوئے تھے اور وہ ملکی اتحاد کے لیے نعرے بلند کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کاتالونیا اسپین کا حصہ ہی ہے۔ اس موقع پر کاتالونیا کے نمایاں سیاستدان اور یورپی پارلیمان کے سابق صدر جوزف بارول نے کہا کہ کاتالونیا کے سابق صدر پوج ڈیمونٹ اس ریجن کے تمام باشندوں کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں، اس لیے انہیں تمام کاتالونیا کے ایماء پر بولنے کا کوئی حق نہیں۔