لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر حفیظ بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بولنگ ایکشن کو تبدیل نہیں کیا، جب سے آئی سی سی نے کلیئرکیا اسی ایکشن سے بولنگ کر رہا ہوں، پراعتماد ہوں کہ میرا بولنگ ایکشن کلیئر قرار پائے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں دس ماہ سے اسی تبدیل شدہ ایکشن کے ساتھ بولنگ کر رہا ہوں جس کا آغاز آسٹریلیا کے دورے سے ہوا اور پھر میں چیمپئنز ٹرافی کھیلا۔ موجودہ سیریز کے صرف اس ایک میچ کے سوا جس میں میرے بولنگ ایکشن پر اعتراض ہوا کہیں بھی میرے بولنگ ایکشن کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہوا لہٰذا میں اب بھی یہی سمجھتا ہوں کہ میرے بولنگ ایکشن میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پر کہا کہ تاحال میں ٹیسٹ کیلئے سلیکٹ تو نہیں ہوا لیکن میں مطمئن ہوں کہ میں نے اوپنر کی حیثیت سے 50 میچز کھیلے اور قریب 40 کی اوسط رہی جو ایک اچھی ایوریج ہے، اگر مستقبل میں مجھے کسی بھی فارمیٹ میں موقع ملا تو میں تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ورلڈ الیون نے پاکستان آکر انٹرنیشنل کرکٹ کے بند دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، سری لنکن ٹیم کے بعد اب یقیناً دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔