چکار ( آئی این پی ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہر شخص کو ریاستی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا،دنیا میں ان لوگوں کا نام زندہ رہتا ہے جو انسانیت کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں، عام آدمی تک انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھار ہے ہیں، سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر کرنے کیلئے پالیسی تشکیل دے رہے ہیں ۔آزاد کشمیر کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی شہادت کا نتیجہ ہے ، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ بے روزگار نوجوانوں کو 75کروڑ روپے کے بلا سود کے قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کریں جبکہ75کروڑ روپے مستحق اور نادار طلبہ کو وظائف کی شکل میں فراہم کیے جائیں گے ۔ رقم کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہاز شریف کے شکرگزار ہیں ۔ بدقسمتی سے ہاتھ سے کام کرنے کا کلچر ختم ہوتا جارہا ہے ، اسے دوبارہ زندہ کرنا ہے ، دور رس نتائج کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ ریاست کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار سابق ممبر چوہدری محمد عبداللہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے کارکنان و عہدیداران اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ چوہدری محمد عبداللہ ایک اچھے انسان تھے ، علاقے کے مسائل کے حل کے لیے انہوں نے پے پناہ خدمات سرانجام دیںاور عرصہ 32سال سے میرے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 1947کے بعد بے مثال ترقی کی۔ آج یہاں بڑے شہروں کی طرح تمام سہولیات میسر ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے بے پناہ وسائل لوٹائے مگر کشمیریوں کے جذبے حریت کو سرد نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار اور اختیار منجانب اللہ اسے امانت سمجھ کر استعمال کرنا ہے میرے حلقے کے لوگوں نے ہمیشہ نامساعد حالات میں میرا ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ حلقہ کی عوام کا قرض ان کی دیرینہ مطالبات کے حل کرکے اتاروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں آنے والے سائلین اب اپنے مسائل حل کرا کر جاتے ہیں، میری کوئی پسند نہ پسند نہیں ،انصاف کے نظام کو قائم کرنا میرا مشن ہے ،پی پی پی نے جیالوںکو غریبوں کا حق مار کر نوازہ جس کا صلہ انہیں عام انتخابات میں شکست کی صورت میں ملا ۔جو حکمران انصاف کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی مدد ان کے ساتھ ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چکار کی تاریخی اہمیت ہے 1985میں بھی یہ تحصیل تھی علاقے کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا اسے جرائم سے پاک کریں گے کسی کو غنڈہ گردی نہیں کرنے دوں گا چاہے میرے اپنا ہی کیوں نہ ہو ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی خصوصی شفقت کی بدولت آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ 12ارب سے 22 ارب تک گیا ،پہلے سڑکوں کی تعمیر پر سالانہ تعمیر پر چار ارب خرچ ہوتے تھے جو اب نو ارب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عوام کو سہولیات فراہم کریں گے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے شروع ہو رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ صحت کارڈ کو پورے آزاد کشمیر تک پھیلایا جارہا ہے ۔ دیہی علاقوں میں خواتین کے سروںسے گڑھے اتاریں گے اور ہر گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس،فری ایمرجنسی سروسز ، فیملی کورٹس کا قیام وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کا آغاز عوامی سہولیات عوامی خدمت کیلئے ہے اور یہ سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر گرلز سکول کو چوہدری عبداللہ کے نام سے منسوب کرنے ،چکار تا کنڈیاں پختہ سڑک اسلام آباد تا کنڈیاں لنک روڈ کی تعمیر ، کنڈیاں میں ڈسپنسری کا قیام ، چکار سب ڈویژن میں سرکاری مکانیت کی کمی کو دور کرنے سمیت دائرین مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر چوہدری محمد علی ، قاری عبدالوحید ، راجہ ساجد سعید ، چوہدری محمد نبیل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔