صدسالہ اعلیٰ حضرت کی 3روزہ تقریبات دارالعلوم امجدیہ میں ہونگی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) عالمی تقریب بسلسلہ صد سالہ عرس اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلے میں مہتمم و منیجنگ ٹرسٹی صاحبزادہ ریحان امجد علی نعمانی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ امام عشق و محبت اعلیٰ حضرت امام اہلسنت مجددین و ملت مولانا شاہ احمد رضا خان فاضل بریلوی اپنے عہد کے نابغہ آنے والا ہر دن ان کی عظمت کے پرت کھول رہا ہے ۔ آپ کی حق گوئی اور 55 سے زیادہ علوم پر دسترس سے اب اغیار بھی معترف ہو چکے ہیں ، آپ اپنی ذات سے مجموعہ صفات تھے ان کے سیاسی نظریات اور مذہبی عقائد کے مخالف اگر آج ان کی تقلید کرنے لگے ہیں تو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ مولانا امام احمد رضا کی فضیلت ، عظمت اور بصیرت میں کوئی کلام نہیں ۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان ؒ کی فقہی خدمات ، سیاسی افقار اور اپنے عہد پر اثرات پر اہل دانش برملا لکھتے رہے آج سو سالہ عرس کے موقع پر آپ کی علمی ، فقہی، ملی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالنے کیلئے عالم اسلام سے شیوخ ڈاکٹر زاور عالمی اسکالر زاور بین الاقوامی شہرت یافتہ ثناء خوان رسول نذرانہ عقیدت کے پھول بکھیرنے کیلئے دارالعلوم امجدیہ کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تقریبات کاآغاز دو نومبر جمعہ بعد نماز عشاء محفل حسن قرأت و نعت سے ہوگا ۔ 3نومبر ہفتہ بعد نماز عشاء بیرون ملک سے آئے ہوئے شیوخ اسکالر ز و ڈاکٹر زاپنے روحانی عرفانی افکار سے فکر اعلیٰ حضرت کو بیان کریں گے مرکزی تقریب 4نومبر اتوارصبح10بجے سے 11:30بجے تک قرآن خوانی سے ہوگی اورصبح11:30بجے سے 12:30بجے تک فضائل کمالات عرس اعلیٰ حضرت و فضیلت علم دین ہوگی۔ 12:30 تا 1:30بجے تک دستاربندی اور تقسیم اسناد اورخصوصی دعا ہوگی بعد نماز ظہر 2بجے کل شریف ہوں گے اور بعد ازاں شرکا کے لئے لنگر کا اہتمام ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن