لاہور(صباح نیوز) وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آبادپولیس جان محمد کو ملائیشیاسے واپس پاکستان بلا لیا ۔آئی جی اسلام آباد پولیس27 اکتوبر کوسات روزہ کورس پر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور گئے تھے اور اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مطلع بھی کر دیا گیاتھا تاہم منگل کے روز وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میںکہاگیا کہ آئی جی اسلام آباد پولیس جان محمد واپس آ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جان محمد اس وقت ملائیشیا میں ایک کورس کر رہے ہیں جو کہ 2 نومبر کو ختم ہو رہاہے ۔یاد رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اعظم سواتی کی سفارش پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ہٹایا گیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ میڈیا میں آیا اور بات سپریم کورٹ تک پہنچی جس پر چیف جسٹس نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو عہدے پر بحال کرتے ہوئے اسٹبلشمنٹ ڈویژن سے جواب طلب کر لیا ہے ۔
وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو ملائیشیاسے واپس بلا لیا
Oct 31, 2018