لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزراء کے مشترکہ اجلاس میں شرکاء نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے انتخاب کو سراہا اور انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو سراہا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پارلیمانی پارٹی کو جس طرح لیکر چل رہے ہیں وہ ہر طرح سے قابل تعریف ہے۔ ان کے اچھے رویے کی وجہ سے ناقدین کے منہ بند ہو گئے۔ پنجاب کیلئے اتنا اچھا وزیراعلیٰ دینے پر میری طرف سے مبارکباد قبول کیجئے۔ ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ جس طرح آپ نے کرکٹ میں وسیم اکرم اور انضمام الحق کو متعارف کروا کر اپنا حسن انتخاب درست ثابت کیا اسی طرح پنجاب میں عثمان بزدار کا انتخاب بھی شاندار ثابت ہوگا ،ان سے بہتر وزیراعلیٰ مل ہی نہیں سکتا جو 24 گھنٹے عوام کیلئے میسر ہو۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہم ہر وقت کام کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ عثمان بزدار تحمل مزاج ہیں اور بردباری اس کی شخصیت کا خاصہ ہے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ کی کارکردگی کو سراہا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سورۃ اخلاص کی تلاوت سے کارروائی کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو ارکان پنجاب اسمبلی کے باقاعدہ اجلاس سے پہلی مرتبہ خطاب کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعظم ایم پی ایز سے براہ راست مخاطب ہو رہے ہیں ۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر موقع پر ساتھ دیا۔ مجھے بھرپور اعتماد سے نوازا اور اسمبلی میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔