لاہور (نیوز ڈیسک) ممبئی کی خصوصی عدالت نے مسلمانوں کے اکثریتی اور ممبئی کے مضافاتی علاقے مالیگاؤں میں ستمبر 2008ء کے دھماکہ کیس میں مرکزی ملزم حاضر سروس لیفٹیننٹ کرنل سری کانت پروہت، سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر اور 5 دیگر انتہا پسند ہندو دہشت گردوں پر فرد جرم عائد کر دی۔ این آئی اے عدالت کے جج ونود پڈالکر نے ساتوں افراد کو یواپا ایکٹ کے تحت دہشتگردانہ سرگرمی کا حصہ قرار دیا۔ کیس کی باقاعدہ سماعت فرد جرم لگنے پر اب شروع ہو گی۔ دیگر ملزموں میں میجرز، رمیش اوپادھیائے، اجے راہیکر، سدھاکر دیویدی اور سمیر کلکرنی شامل ہیں۔ مالے گائوں کی مسجد کے باہر ہوئے موٹرسائیکل بم دھماکے میں 10 مسلمان شہید اور 200 کے لگ بھگ شدید زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے میں استعمال ہونیوالی موٹرسائیکل سادھوی پرگیا سنگھ کی ملکیت بتائی گئی۔ مگر اس نے عیاری کے ساتھ کئی مرتبہ جھوٹ بولا کہ موٹرسائیکل اس نے 4برس قبل 2004ء میں بیچ دی تھی۔