احتساب‘ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد کے مسائل میں اضافہ

Oct 31, 2018

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)ملک میں احتساب کا عمل تیز ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ہفتوں سے پی سی بی کے سی او او خاصے پریشان ہیں وہ دفتر کے اوقات میں سیٹ پر بیٹھنے کے بجائے کمرے میں چکر لگاتے رہتے ہیں۔ دفتر ی اوقات میں کمرے کو تالہ لگا ہوتا ہے۔ نئے چیئرمین کے آنے سے بھی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔ احسان مانی سی او او کی موجودگی میں ایم ڈی کا تقرر چاہتے ہیں۔نئے چیئرمین فیصلوں پر دستخط نہیں کرنا چاہتے ۔ سبحان احمد بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بورڈ میں ایک نیا عہدہ تخلیق کیا جا رہا ہے۔ سبحان احمد کے اثاثہ جات پر کئی سابق کرکٹرز نے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ اب انکا نام پاکستان سپر لیگ سے ماہانہ الاونس حاصل کرنیوالے ملازمین میں بھی لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ماہانہ الاونس کو تنخواہ میں ایڈجسٹ کروایا تھا۔ بورڈ ترجمان نے چیف آپریٹنگ آفیسر کے پی ایس ایل الاونس کے حوالے سے تردید کی ہے تاہم سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کو بھجوائے جانیوالے قانونی نوٹس میں بھی سبحان احمد کا نام شامل کر کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ نجم سیٹھی نے سبحان احمد کو عہدے سے الگ کر کے ایزد سید کو سی او او بنانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ انکی پریشانی کی ایک وجہ بورڈ کا ممکنہ فرانزک آڈٹ او اعلی عہدیداروں کے اثاثوں کی چھان بین بھی ہے۔ احتسابی عمل میں تیزی اور تحقیقاتی اداروں کے متحرک ہونے سے بھی وہ پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

مزیدخبریں