خواتین کوبریسٹ کینسر کے حوالے سے محتاط رہنا چاہیئے، ثمینہ عارف علوی

اسلام آباد(نا مہ نگار)خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی کی خصوصی ہدایات کے مطابق حکومت پاکستان بریسٹ کینسر آگاہی مہم پرمکمل طور پر عمل پیرا ہے تاکہ اس مرض کی ابتدائی مراحل میں کی تشخیص کے امکانات میں اضافہ ہوسکے کیونکہ اس طرح 80 فیصد سے زائدکیسز میں مکمل بچاؤ کے امکانات روشن ہو جاتے ہیں۔ وہ بدھ کو شفا انٹر نیشنل ہسپتال میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم سیمینار کے شرکاء سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی خواتین کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور تمام خواتین کوبریسٹ کینسر کے حوالے سے کسی بھی ابتدائی بے اعتدالی اور پیچیدگی سے محتاط رہنے کی تاکید کی اور 40 سال سے زائد عمر خواتین کو تلقین کی کہ سال میں ایک بار میموگرافی ضرور کرائیں تاکہ بریسٹ کینسر ماضی کا حصہ بن سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس قومی مقصد کا حصہ بنیں اوربریسٹ کینسر کے مریضوں کو باقاعدہ معائنے کا مشورہ بھی دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے سے متعلق نجی اداروں کو اپنی مہارت سے حکومت کو بھی آگاہ رکھناچاہیے تاکہ پاکستانی خواتین کو بریسٹ سکریننگ تک آسان رسائی میسر ہوسکے۔انہوں نے وفاقی وزارت صحت کے ساتھ شفا کے مشترکہ اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اس بیماری سے متعلق معلومات فراہم کرنے اوران کی حوصلہ افزائی کیلئے اس طرح کے بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار منعقدہونے چاہییں۔، شفا کے چیئر مین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر حبیب الرحمن ، ڈاکٹر منظور ایچ قاضی (چیف ایگزیکٹو آفیسر)، تیمور شاہ (چیف آپریٹنگ آفیسر)، فیکلٹی ممبران، عملے اور بڑی تعداد میں شہریوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن