اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھارتی سیاسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔ نوجوت سنگھ سدھو نے خصوصی دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے سابق بھارتی کرکٹر اور سیاسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکرگزار ہوں۔ دنیا بھر کے سکھ باباگرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں، کرتار پور کی تعمیر اور اسکے افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم اور حکومت اپنے مہمانوں کو "چشم ماروشن دل ماشاد" کا پیغام دے رہے ہیں۔وزیراعظم 9 نومبر کو کرتارپور کے افتتاح سے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔دریں اثناء کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کے فقید المثال افتتاح کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نوجوت سنگھ سدھو نے دعوت کے جواب میں کہا ہے میں 9 نومبر کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کرتار پور امن و محبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے۔