لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے خواجہ برادران کو حمزہ شہباز سے احتساب عدالت میں ملاقات سے روکنے کی زبردستی کوشش کی۔ سعد رفیق نے حصار توڑ کر حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور ہاتھوںمیں ہاتھ ڈال کر اور فضا میں بلند کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔ خواجہ سعدرفیق او رخواجہ سلمان رفیق نے حمزہ شہباز سے ملاقات کرنا چاہی تاہم اہلکاروں نے انہیں روک دیا جس پر وہاں موجود کارکنوں نے نعرے لگائے۔ سعد رفیق نے اس موقع پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کے پیچھے ہٹنے تک کمرہ عدالت میں جانے انکارکر دیا۔ سادہ کپڑوںمیں ملبوس اہلکار صحافیوں کو بھی ویڈیو کوریج سے روکتے رہے۔ دریں اثناء حمزہ شہباز اور خواجہ برادران سے نیب عدالت میں پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملاقات کی۔ حمزہ شہباز نے نواز شریف کی صحت بارے دریافت کیا۔ مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو سابق وزیراعظم کی صحت، علاج معالجہ اور پلیٹ لٹس کائونٹ میں ہونے والے اتار چڑھائو کے حوالے سے آگاہ کیا۔