اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے اراکین کے تقرر کا معاملہ حل کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے سربراہان نے حکومت کی قانونی ٹیم اور آئینی ماہرین کیساتھ ایک اجلاس کے دوران اس معاملے پر بات چیت کے بعد اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی اور اٹارنی جنرل انور منصور خان نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر اسمبلی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 15 اکتوبر کے فیصلے کے قانونی اور آئینی پہلوؤں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس حوالے سے ذارئع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے شرکا کا نقطہ نظر یہ تھا کہ اس معاملے کو ایک ہی دفعہ ہمیشہ کے لیے حل کرلیا جائے چاہے اس کے لیے آئین میں ترمیم یا قانون سازی ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔تاہم اس صورت میں حکومت کو اپوزیشن پارٹیز کی حمایت درکار ہوگی بالخصوص سینیٹ میں جہاں حکومتی اراکین کی تعداد مطلوبہ تعداد سے کم ہے۔مذکورہ اجلاس صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ اور بلوچستان سے ای سی پی اراکین کے متنازع تقرر پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے دیے گئے فیصلے کے تناظر میں منعقد ہوا تھا جس میں وزیر قانون اور اٹارنی جنرل سے مذکورہ معاملہ حل کرنے کے لیے تجاویز طلب کی گئیں۔
الیکشن کمشن ارکان کی تقرری کا معاملہ‘ حکومت کا اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ
Oct 31, 2019